کورونا وائرس سے آگاہی کے لیے ویب پورٹل متعارف کروا دیا گیا

وزارتِ صحت اور قومی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کی شراکت داری سے جان لیوا کورونا وائرس کے حوالے سے ویب پورٹل متعارف کرا دیا گیا ہے۔

این آئی ٹی بی کے سربراہ شباہت علی شاہ نے ویب پورٹل متعارف کرانے کے موقع پر کہا کہ ’این آئی ٹی بی کی ٹیم نے وزارت صحت کی شراکت سے کم سے کم وقت کے اندر عام عوام کے لیے اس پورٹل کو متعارف کرایا ہے‘۔

انہوں نے کورونا وائرس سے آگاہی کے لیے ویب پورٹل متعارف کرانے کے حوالے سے مزید کہا کہ ’ہم امید کر رہے ہیں کہ یہ پلیٹ فارم سب کے لیے معلومات کا ایک مؤثر ذریعہ بنے گا‘۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے اس حوالے سے ٹوئٹ کیا گیا کہ کورونا وائرس کی ہیلپ لائن 1169 کے علاوہ اب ہم نے ایک آن لائن پلیٹ فارم بھی متعارف کروا دیا ہے. جس میں بیماری سے متعلق سوال و جواب ہوں گے، مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے ویب سائٹ دیکھیں اور اپنے دوستوں اور عزیز و اقارب میں بھی یہ معلومات پھیلائیں۔ تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو سکیں
ویب پورٹل کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات کے پیشِ نظر بنایا گیا ہے، پورٹل میں کورونا وائرس کی علامات، انسانوں میں پھیلاؤ، انکیوبیشن پیریڈ اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ سفری اور طبی مشوروں کے حوالے سے تفصیلات بھی موجود ہیں۔ جو کہ معلومات حاصل کرنے کے لیے فائدہ مند ہے

کورونا وائرس نے چین میں مزید 35 زندگیاں نگل لی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار تک پہنچ گئی ہے

دوسری جانب کراچی اور اسلام آباد میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے جب کہ گزشتہ 9 روز کے دوران 33 ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں