چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو جھوٹا قرار دے دیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو جھوٹا اور منافق قرار دے دیا۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کاکہنا تھاکہ مودی کی جیت کی دعا کرنے والا، رات کے اندھیرے میں کلبھوشن کے لیے آرڈیننس لانے والا اورکشمیرکا سودا کرنے والا اپوزيشن پرکیسے الزام لگا سکتا ہےکہ وہ مودی کے بیانیے پر چل رہی ہے۔

بلاول کاکہنا تھاکہ یہ کہتے ہیں اپوزیشن منافقت کی سیاست کرتی ہے جب کہ وزیراعظم میں منافق کی ساری نشانیاں موجود ہيں، منافق کی 4 نشانیاں ہیں اور چاروں وزیراعظم میں ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھاکہ ایک وزیراعظم ایک تقریر میں اتنے جھوٹ کیسے بول سکتا ہے؟ کچھ تو اپنے عہدےکا ہی لحاظ کرلو ، آپ نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑديے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ میں یہاں سے حکومت بنا کر جاؤں گا، ہمیں سب کے لیے ایک قانون بنائیں گے، سیاستدان، جج اور جنرل کے لیے ایک قانون بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو خیبرپختون خوا میں حکومت کرتے ہوئے 7 سال ہو گئے لیکن وہاں ایک نیا اسپتال نہیں بنا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے پوچھیں کہ 2018 میں صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا، اب تک پورا نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مزدور، کسان سب سراپا احتجاج ہیں، ہمیں گلگت بلتستان کو عمران خان سے بچانا ہے، ہمیں آپ کے بچوں کا مستقبل بچانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنا کر رہیں گے اور یہاں کے عوام کو ان کے حقوق دلوائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں