وزیراعظم کا غریب عوام کے لئے ایک بڑا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان نے غریب عوام کے لئے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق 25 ہزار روپے سے کم آمدن والے افراد کو راشن کی خریداری میں حکومت سے معاونت ملے گی
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا. جس میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کس طرح حکومت کی طرف سے غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے. جس سے ان کی مشکلات میں کمی ہو. اس حوالے سے اجلاس میں شامل تمام اراکین نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو ملک بھر میں جاری غربت کے ازسر نو سروے کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ حکومت 25 ہزار روپے سے کم آمدن والے افراد کو راشن کی خریداری میں معاونت کرے گی اور آٹا، چینی، دال اور گھی کی خریداری میں مدد کرے گی۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر اِس فیصلے پر عملدرآمد کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے آئندہ بجٹ میں راشن خریداری کے لیے رقم مختص کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا، موجودہ حکومت ایسے سفید پوش طبقے کا سہارا بنے گی۔
کمزور طبقوں کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز نیٹ ورک کے ذریعے معاونت کررہے ہیں، کم آمدنی والے طبقے کو مزید ریلیف کی فراہمی کے لیے تفصیلی غور کیا جائے تاکہ قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد ممکن بنایا جاسکے۔ پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا قیام کمزور طبقے کی معاونت کے عزم کا عملی مظہر ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ غریب لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا ترجیح ہے اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہرحد تک جائیں گے۔
اس کے علاوہ یوٹیلٹی اسٹورز کو بھی 10 ارب کا پیکج دیا گیا ہے جہاں آٹا، گھی اور چینی کم قیمت پر دستیاب ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں