وزیراعظم عمران خان نے احساس اسکالر شپ پروگرام کا افتتاح کر دیا

وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں احساس اسکالر شپ پروگرام کا افتتاح کردیا جس میں 50 ہزار انڈر گریجویٹ طلبا کو تعلیمی وظائف دیے جائیں گے۔ اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں اہل قرار پانے والےطلبا میں اسکالرشپ بھی تقسیم کیے گئے. اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی
اس موقع پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اب ہم پیچھے رہ جانے والے لوگوں کو سہولیات فراہم کریں گے، احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام اسی منصوبے کا اہم ستون ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سالانہ 50 ہزار طلباء کو اسکالرشپ کی فراہمی ایک بہت بڑا سنگ میل ہے، اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء نہ صرف خود کو بلکہ اپنے خاندان اور اپنے ملک کو بھی اوپر اٹھائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا بھی یہی اصول تھا کہ کمزور طبقے کا بھی احساس کیا جائے
وزیراعظم نے کہا کہ ہم بتدریج ریاست مدینہ کے ماڈل کی جانب گامزن ہیں، ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہمارے نوجوان ہیں، ہم نے انہیں بہتر افرادی قوت میں تبدیل کرنا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اسکالرشپ میرٹ کی بنیاد پر دی جائیں گی اور کسی سیاسی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے، یہی اس پروگرام کی کامیابی کی وجہ بنے گا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود ڈاکٹرثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام ملک کی تمام سرکاری جامعات میں زیر تعلیم مستحق طلباء کے لیے ہے۔ جو ان کو دیا جائے گا اور ساتھ ہی اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ یہ وظائف صرف مستحق طالبعلموں کو ملیں
ثانیہ نشتر کے مطابق جس طالب علم کے خاندان کی سالانہ آمدن45ہزار روپے سے کم ہوگی وہ تعلیمی وظیفہ حاصل کرسکے گا۔
تعلیمی وظیفے کے تحت ٹیوشن فیس معاف ہوگی اور 4ہزار روپے ماہانہ بھی ملیں گے، پروگرام کے تحت 50 ہزار طلباء کو اسکالر شپس دی جائیں گی، جس میں 2 فیصد کوٹہ خصوصی افراد کے لیے مختص کیا گیا ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے سال کے لیے درخواستوں پر کارروائی کا عمل جون میں شروع ہوگا اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ویب سائٹ پریہ فارم دستیاب ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں