وزیراعظم کا مچھ کوئلہ فیلڈ کے واقعے میں ملوث افراد کو جلد پکڑنے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے مچھ کوئلہ فیلڈ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان مچھ میں 11 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایف سی کو ہدایت کی ہے کہ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے محکمہ داخلہ بلوچستان سے مچھ کوئلہ کان میں پیش آنے والے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ سیکیورٹی میں کوتاہی کا نتیجہ نہیں ہے جبکہ بلوچستان بار کونسل نے مچھ واقعہ کے خلاف آج عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔
بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہزارہ کمیونٹی کے جاں بحق 11 افراد کی تدفین آج کی جائے گی۔ فرقہ وارانہ دہشتگردی کا شکار تمام افراد کو کمروں میں ہاتھ پیر باندھ کر مارا گیا تھا۔
خواتین اوربچوں سمیت ورثا کا میتوں کے ساتھ کوئٹہ سبی شاہراہ پر دھرنا جاری ہے، دھرنے کے شرکاء نے صوبائی حکومت سے قاتلوں کی گرفتار ی اور بصورت دیگر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر کراچی میں مجلس وحدت مسلمین کے تحت احتجاجی ریلی نکالی گئی جبکہ نمائش چورنگی پر مظاہرہ کیا گیا اور ملتان میں شمعیں روشن کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں