کورونا کے خدشے کے باعث مساجد کو بند نہیں کیا جا سکتا

وزیر اعظم عمران خان سے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے ملاقات کی، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مساجد کو کسی صورت بند نہیں کیا جا سکتا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کو کرونا صورت حال پر علما اور این سی او سی سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم نے انھیں کہا کہ وزارت مذہبی امور علما کو کرونا پھیلاؤ کے اشاریوں کی فراہمی یقینی بنائے، تاکہ دینی مواعظ اور خطبات میں ایس او پیز پر عمل کی تاکید منبر سے ممکن ہو سکے۔
ملاقات میں واضح کیاگیا کہ مساجد کو کسی صورت بند نہیں کیا جا سکتا، تاہم کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کی تاکید ضروری ہونے پر زور دیا گیا۔
پیر نور الحق قادری نے وزیر اعظم عمران خان سے علما و مشائخ کونسل کی تنظیمِ نو پر بھی مشاورت کی۔

آج بروز جمعہ ملک بھر میں کرونا وبا سے بچاؤ کے لیے یوم دعا منائی گئی، اس سلسلے میں بادشاہی مسجد میں خصوصی دعا کرائی گئی، گورنر ہاؤس لاہور میں بھی جمعے کے اجتماع میں خصوصی دعا کرائی گئی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ علما کرونا سے بچاؤ کے لیے تاریخی کردار ادا کر رہے ہیں، سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو بھی کرونا کو سنجیدہ لینا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں