کراچی سندھ میں کورونا وائرس کا پہلا مریض مکمل صحتیاب

چین سے پھیلنے والے مہلک وائرس کورونا نے پاکستان میں بھی پنجے گاڑ لیے ہیں. اور پاکستان میں اب تک اس وائرس سے 6 افراد متاثر ہو کر اسپتالوں میں داخل ہیں. جن میں سے کراچی سندھ کا ایک مریض یحییٰ جعفری مکمل صحت یاب ہو گیا ہے
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے کورونا وائرس کے باعث زیر علاج شخص کو صحت مند قرار دے کر اسپتال سے فارغ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ یحییٰ جعفری کا علاج کے بعد ٹیسٹ کیا گیا ہے جو منفی آیا ہے
مرتضیٰ وہاب نے مریض کے حوالے سے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ نے بھی تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس کا پہلا مریض یحییٰ جعفری صحت یاب ہوگیا ہے۔
یحییٰ جعفری میں 10 روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور اس کے 3 بار کورونا وائرس کی تصدیق کے ٹیسٹ ہوئے۔
ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں یحییٰ جعفری میں بیماری کی کوئی علامات نہیں آئیں، آج دوبارہ ٹیسٹ منفی آنے پر مریض کو گھر بھیج دیاجائے گا۔
پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور ایک 22 سالہ نوجوان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جسے فوری طور پر اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھ دیا گیا تھا. جبکہ دوسرا کیس اسلام آباد رپورٹ ہوا تھا. اس کے علاوہ گلگت بلتستان سے بھی کورونا کا ایک مریض رپورٹ ہوا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں