کراچی والے آج رہیں ہوشیار،محکمہ موسمیات نے مزید بارش کا عندیہ دے دیا

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ عارضی طور پر رک گیا ہے تاہم شہر میں آج پھر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے امکانات ہیں، بارش کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔ کراچی کے جنوب مشرق میں تھنڈر سیلز بن رہے ہیں، جس کے باعث شہر میں آج تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار بھی کیا ہے کہ مون سون کا چوتھا اسپیل تمام اسپیلز سے زیادہ طاقتور ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق راجھستان پر موجود ہوا کا کم دباؤ بڑھ گیا ہے اور ہوا کا کم دباؤکراچی اور بلوچستان کے جنوب میں موجود ہیں جب کہ کراچی میں ہوا کے کم دباؤ کی شدت تاحال برقرار ہے جس سے شہر میں کسی بھی وقت گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ آج 80 سے 130 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے اور بارش سے قبل شہر میں آندھی چلنے کا بھی امکان ہے جب کہ کل بھی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز کی بارش کے دوران مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، گلستان جوہر اور لیاری میں گھر میں گرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ، جب کہ ماڑی پور کے قریب لیاری ندی میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔
گزشتہ روز کی بارش کے بعد شہر کی زیادہ تر اہم شاہراؤں سے پانی کی نکاسی ہو گئی ہے تاہم بعض نشیبی علاقوں میں پانی اب بھی جمع ہے۔

وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، وزیر تعلیم سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی کے کام کا جائزہ لیا۔

گزشتہ روز بارش شروع ہوتے ہی شہر کے متعدد علاقوں متعدد میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، کئی علاقوں میں 10 سے 17 گھنٹے سے بجلی غائب ہے۔
جن میں لانڈھی، سرجانی ٹاون، گلستان جوہر، ملیر، شاہ فیصل کالونی، محمود آباد، ڈیفنس، بلدیہ ٹاؤن، اولڈ سٹی ایریا، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد سمیت شہر کے کئی علاقے شامل ہیں
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی جاری ہے، نشیبی اور کنڈے والے علاقوں میں احتیاطی طور پر بجلی بند کی گئی ہے، بارش اور تیز ہواؤں کے باعث چند مقامات پر بجلی کا تعطل ہے، سیفٹی کلیرنس ملتے ہی متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں