ملک بھر میں کورونا کے وار جاری،مزید 48 افراد جان کی بازی ہار گئے

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 48 افراد انتقال کر گئے جبکہ 2435 نئے کیسز بھی سامنے آ گئے۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 38369 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2435 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 48 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 6.3 فیصد رہی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10558 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 97510 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 34049 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3313 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 453828 ہوگئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 222999 ہوگئی ہے جب کہ 3670 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 143511 ہے اور 4221 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جا چکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18314 اور ہلاکتیں 186 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 60536 اور 1710 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 8430 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 234 افراد انتقال کرگئے۔
گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4878 اور 101 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 38842 ہے اور اب تک 436 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں