کورونا کے باعث انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ون ڈے سیریز منسوخ ہو گئی

کورونا کیسز سامنے آنے کے باعث انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان ایک روزہ کرکٹ سیریز منسوخ کردی گئی۔
جنوبی افریقا کےدورے پر موجود انگلینڈ کی ٹیم کے 2 کھلاڑیوں کو گذشتہ روز کورونا کے مشتبہ کیس کے باعث واپس انگلینڈ روانہ کردیا گیا تھا جس کے باعث تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے دوسرا ایک روزہ میچ منسوخ کردیا گیا۔
اس سے قبل جمعے کو ہونے والا پہلا ایک روزہ میچ بھی ایک جنوبی افریقی کھلاڑی میں کورونا مثبت آنے پر منسوخ کردیا گیا تھا۔
دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے آج ایک مشترکہ اعلامیے میں ون ڈے سیریز کو ہی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم واپس وطن چلی جائے گی۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ یہ فیصلہ دونوں بورڈز نےکھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کو یقینی بنانے کے لیے کیا ہے۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بناء کسی دقت کے کھیلنے میں کامیاب رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ایک روزہ سیریز منسوخ ہونے کی وجہ سے جنوبی افریقی بورڈ کو ٹیلی وژن کے نشریاتی حقوق کی فروخت سے حاصل ہونے والے 42 لاکھ ڈالرز کا نقصان ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں