ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 میں کھلاڑیوں‌ کو پہلے سے زیادہ معاوضہ ملے گا

ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کے دوران کرکٹرز کو اب زیادہ معاوضہ ملے گا . جس کے بعد اے پلس کیٹیگری میں شامل کھلاڑی کی ایک سیزن کی آمدن 30 لاکھ روپے سے بھی زائد ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے اس ضمن میں 30 ستمبر سے شروع ہونے والے نئے سیزن میں شریک کھلاڑیوں کو اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دینے کے لیے زیادہ سے زیادہ انعامات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سب سے کم معاوضہ حاصل کرنے والے ڈومیسٹک کرکٹرز اب رواں سال 32 لاکھ روپے سے زائد کی رقم کماسکیں گے جوکہ سیزن 20-2019 کی نسبت 83 فیصد زیادہ ہے۔
رواں سال سب سے کم درجے کی کیٹیگری میں شامل کھلاڑی نئے سیزن میں مجموعی طور پر 18 لاکھ روپے کی رقم کمائےگا جوکہ گذشتہ سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کھلاڑی کی آمدن سے 7 فیصد زیادہ ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کےشیڈول کے باضابطہ اعلان کے بعد ان کھلاڑیوں کی کمائی کا واضح حساب لگایا جاسکتا ہے۔ یہ سیزن پاکستان کے سب سے بہترین کھلاڑیوں کوقومی ٹی 20 کپ، قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ کے تمام یعنی دس، دس میچوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کررہا ہے۔

اے پلس کيٹيگری ميں شامل 10 کھلاڑی ايک سال تک ڈیڑھ لاکھ روپے ماہوار معاوضہ وصول کریں گے۔ اس کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کومحدود طرز کی کرکٹ یعنی قومی ٹی 20 کپ اور پاکستان کپ میں میچ فیس کی مد میں 40 ہزارروپے جب کہ قائداعظم ٹرافی میں فی کھلاڑی 60 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
اس طرح یہ کھلاڑی پورے سیزن میں مجموعی طور پر 32 لاکھ روپے کی رقم حاصل کرے گا۔
اگر اے پلس کیٹیگری میں شامل کوئی کھلاڑی ان تینوں میں سے کسی بھی ایونٹ کے فائنل ميں رسائی حاصل کرنے ميں کامياب ہو جاتا ہے تو وہ اضافی ميچ فيس اور انعامی رقم کے ذریعے اپنی آمدن میں مزید اضافہ بھی کرسکے گا۔

دوسری طرف، ڈومیسٹک کرکٹ کی ڈی کٹیگری میں شامل کسی بھی کھلاڑی کی ماہانہ آمدن 40 ہزار روپے مقرر ہے تاہم میچ فیس کی مد میں انہیں بھی اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کے برابررقم دی جائے گی۔
لہٰذا ڈی کیٹیگری میں شامل اگر کوئی کھلاڑی فرسٹ الیون کے تمام 32 میچز کھیلتا ہے تو وہ اس سیزن میں 18 لاکھ روپے وصول کرے گا،اسی طرح اگر اس کیٹیگری میں شامل کھلاڑی کسی بھی ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلیتا ہے تو اضافی میچ فیس اور انعامی رقم کی مد میں اس کی آمدن میں بھی مزید اضافہ ہوجائےگا۔

گذشتہ سال فرسٹ الیون میں شامل تمام کھلاڑیوں کو ماہانہ 50 ہزار روپے کی رقم دی گئی تھی،ان کھلاڑیوں کو محدود طرز کی کرکٹ کھیلنے پر میچ فیس کی مد میں 40 ہزار روپےاورطویل طرز کی کرکٹ کھیلنے پر میچ فیس کی مد میں 75 ہزار روپے دیے گئے تھے۔ نئے سیزن میں اے پلس کيٹيگری ميں شامل 10 کھلاڑی ايک سال تک ڈیڑھ لاکھ روپے ماہوار معاوضہ وصول کریں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں