جامعہ کراچی میں طالبات کو ہراساں کرنے کے الزام میں 6 افراد پولیس کی گرفت میں‌

جامعہ کراچی میں طالبات کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں 6 نوجوانوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کے جامعہ کراچی میں واقع مین کیمپس کے طالب علم شہیرکا الزام ہےکہ جامعہ کراچی میں رہائش پذیر نوجوانوں نے اسے اور اس کے ساتھ موجود طالبات کو ہراساں کیا اور اس پر حملہ کیا۔

پولیس نے متاثرہ نوجوان شہیرکا بیان قلمبندکرلیا ہے، نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ دو ساتھی طالبات کو ہاسٹل ڈراپ کرنے آیا تھا، نوجوانوں نے واپسی پر اسے ہراساں کیا۔
پولیس نے 6 نوجوانوں کو گرفتارکرکے شہیر کی مدعیت میں مبینہ ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا ہے،مقدمے میں ہراسانی، راستہ روکنے اور گالم گلوچ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ گرفتار لڑکوں کی عمریں 16 سے 21 سال کے درمیان ہیں،گرفتارہونے والے ایک ملزم عبدالرحمان نے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
اس واقعے کے حوالے سے کراچی یونیورسٹی کے سیکیورٹی ایڈوائزرکاکہنا تھا کہ ملزمان کم عمر لڑکے اور جامعہ کے اسٹاف کے بچے ہيں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں