وزیر اعظم کا بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ

پشاور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ کچھ بھی ہوجائے بجلی اور گیس کی قیمتوں کو مزید بڑھنے نہیں دیں گے بلکہ انہیں کم کریں گے۔

پشاور میں انڈر 21 گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلے سے نوجوانوں کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا، کھیلوں سے انسان صحت مند رہتا ہے اور کھیل آپ کو اپنی زندگی میں مقابلہ کرنا سکھاتے ہیں لہٰذا چیمپئن وہ ہوتا ہے جو ہارنے سے ڈرنے کی بجائے سیکھتا ہے۔
انہوں نےکہا کہ زندگی مقابلے کا نام ہے، ہارنے سے ڈرنا نہیں چاہیے بلکہ ہار سے سیکھنا چاہیے. انسان تب ہارتا ہےجب وہ ہارمان لیتا ہے، میں اگراسپورٹس نہ کھیلتا تو 22 سالہ سیاست میں مقابلہ نہ کرتا اور بہت پہلے ہارمان جاتا، اگر میں نے مشکل وقت کا مقابلہ کرنا نہ سیکھا ہوتا تو یہ جو حکومت ملی، ڈیڑھ سال میں ہاتھ کھڑے کرکے گھر چلا جاتا اور ہار مان چکا ہوتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زندگی اونچ نیچ کا نام ہے،انسان جب گر کر کھڑا ہوتا ہے توپہلے سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے، اسی طرح جب قوم مشکل وقت کا مقابلہ کرتی ہے تو اور مضبوط ہوتی ہے، آپ اس قوم کا حصہ ہیں جس نے دنیا کی عظیم ترین قوم بننا ہے۔
دوسری جانب مہمند میں بھی جلسے سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ایک مثالی ملک بنے گا. اور یہ مثال مدینہ کا ریاستی ماڈل ہو گا. اس کے علاوہ وزیراعظم نے زیتون کے باغات لگانے کا بھی اعلان کیا. تاکہ پاکستان کو باہر سے تیل منگوانے کی ضرورت نہ پڑے. کفالت پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار مستحق طلبہ کو 50 ہزار اسکالر شپ دیں گے. مہمند کے ڈھائی ہزار نوجوانوں نے اسکالر شپ کے لیے درخواست دی ہے جنہیں پہلے موقع دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم قرضوں کے دھندے میں پھنسے ہوئے ہیں لیکن فیصلہ کیا ہےکہ بجلی کی قیمتیں مزید نہیں بڑھائیں گے، ہمارے لوگ اب بوجھ برداشت نہیں کرسکتے، فیصلہ کیا ہے ہر وہ کام کریں گے جس سے بجلی کی قیمت کم کریں، بجلی بنانے والی کمپنیوں سے بات چیت کریں گے، جس وجہ سے بجلی مہنگی ہے ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے بجلی سستی ہو، ہم نے اپنے لوگوں اور انڈسٹڑی پر بوجھ نہیں ڈالیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں