پشاور میں چلتی پھرتی لائبریری سے خریدیں کتابیں

مطالعے کے شوقین طلباء و طالبات کیلئے صوبائی حکومت پشاور نے ایک بڑی سہولت کا اہتمام کیا ہے جس کے تحت ایک موبائل لائبریری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے اپنی نوعیت کے اس منفرد منصوبے موبائل لائبریری سے طلباء و طالبات کو دس سے پچاس فیصد تک کی رعایت پر کتابیں بھی فراہم کی جائیں گی۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمران اللہ نے بتایا کہ یہ پروگرام ہمارے یوتھ ڈیولپمنٹ پیکج کا حصہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے اس پہلی موبائل لائبریری کا افتتاح کردیا ہے، پہلے مرحلے میں 2 گاڑیوں میں لائبریری قائم کی گئی ہے، جن میں تمام موضوعات کی ایک ہزار سے زیادہ کتابیں موجود ہیں، یہ دونوں گاڑیاں پشاور یونیورسٹی کی حدود میں کھڑی ہونگی۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمران اللہ کے مطابق طلباء و طالبات کو دس سے پچاس فیصد رعایت کے ساتھ کتابیں خریدنے کا موقع بھی ملے گا، مذکورہ منصوبہ نظامت امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے زیر انتظام 12ملین روپے سے مکمل ہوا ہے۔ منصوبے کی کامیاب تکمیل کے بعد اس کا دائرہ کار دیگر کالجز اور یونیورسٹیوں تک کیا جائے گا۔
اس طرح طلبہ اور طالبات کو کسی بھی موضوع سے متعلق کتاب خریدنے میں دقت نہیں‌ہو گی

اپنا تبصرہ بھیجیں