ڈرامہ ارطغرل غازی کے مرکزی کردار انگین آلتان کی لاہور آمد

شہرہ آفاق ترک ڈرامہ ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترکش اداکار انگین آلتان لاہور پہنچ گئے۔
انگین آلتان آج صبح لاہور پہنچے اور ان کی پاکستان آمد سے متعلق اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’پاکستان اِن ترکی‘ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ کی جانب سے کیا گیا۔
ٹوئٹ میں اداکار انگین آلتان کی لاہور پہنچنے کی تصویر کے ساتھ ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ’ارطغرل غازی کے مرکزی اداکار انگین آلتان ایک نجی کاروباری کمپنی کی دعوت پر پاکستان کے مختصر دورے کے لیے لاہور پہنچے ہیں۔
ٹوئٹر ہینڈل کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ’پاکستان ارطغرل کو خوش آمدید کہتا ہے‘ اور ہیش ٹیگ ’دورہ پاکستان‘ کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔

کچھ عرصہ قبل ہی تُرک اداکار انگین آلتان کی جانب سے ایک ویڈیو پیغام میں انگین آلتان کی پاکستان آمد سے متعلق اعلان کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی انگین آلتان نے اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے برانڈ ایمبیسڈر مقرر ہونے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں