یونس خان اب قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہوں ‌گے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا۔
یونس خان نے پہلی مرتبہ دورہ انگلینڈ میں بیٹنگ کوچ کی حثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں تھیں اور اس وقت ان کا معاہدہ صرف دورہ انگلینڈ کے لیے تھا لیکن اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر کو طویل مدت کے لیے ذمہ داریاں سونپنے کا اعلان کیا ہے۔
یونس خان کی تقرری کم از کم آ ئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022 تک کی گئی ہے اور یونس خان کی پہلی اسائنمنٹ دورہ نیوزی لینڈ ہے۔
‏پی سی بی نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ یونس خان جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے تو وہ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے۔
‏چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ یونس خان اب کم از کم دو برسوں کے لیے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے، مختصر دورہ انگلینڈ میں یونس خان کے حوالے سے فیڈ بیک شاندار ملا تھا۔
انہوں نے کہا کہ محمد یوسف پہلے ہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کام کر رہے ہیں، اس طرح پی سی بی کے پاس اب دو بہترین کرکٹرز کی خدمات موجود ہیں جو ہمارے بیٹسمینوں کے مستقبل کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔
‏سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے سیٹ اپ میں شمولیت پر خوش ہوں، ایک مرتبہ پھر دورہ نیوزی لینڈ میں انہی لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے جن کے ساتھ انگلینڈ میں کام کیا اور بہت لطف اندوز ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں