سندھ کے تعلیمی اداروں میں چھٹیاں بڑھا دی گئی، میٹرک کے امتحانات بھی ملتوی

کراچی: سندھ کی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں چھٹیاں یکم مارچ تا 30 مئی تک کرنے کا فیصلہ کیا ہے. اس کے ساتھ ہی میٹرک کے امتحانات جو 16 مارچ سے شروع ہونے تھے، ملتوی کردیے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے بعد اپنے بیان میں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں تعلیمی ادارے یکم جون سے کھلیں گے جبکہ نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات فی الحال ملتوی کردیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے بھی ٹوئٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تعلیمی ادارے گرمیوں کی تعطیلات کے بعد یکم جون 2020 کو دوبارہ کھلیں گے۔

اس سے قبل سندھ حکومت کی طرف سے یہ بیان بھی سامنے آیا تھا. کہ تعلیمی ادارے مقررہ تاریخ کو کھول دیئے جائیں گے. لیکن اب خود ہی حکومت کی طرف سے یہ بیان سامنے آیا ہے کہ چھٹیاں بڑھا دی گئی ہیں. اور امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں

پاکستان میں بھی کورونا کے مزید کیسز سامنے آ رہے ہیں. گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آ گیا ہے جس کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ جن میں سے سندھ میں 15 (14 کراچی ایک حیدرآباد)،گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد میں 2 جب کہ کوئٹہ میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں