لاہور میں سخت سردی کے باوجود پی ڈی ایم کا کامیاب جلسہ

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے لاہور میں مینار پاکستان کے سائے تلے بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ گوجرانوالا، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے بعد پی ڈی ایم نے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں میدان سجایا۔
مینار پاکستان کے سائے میں منعقدہ جلسے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ پنڈال کو رہنماؤں کی تصاویر اور جھنڈوں سے سجایا گیا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ جنوری کے آخر میں یا فروری کے اوائل میں اسلام آباد کی طرف پوری قوم مارچ کرے گی، پارلیمنٹ کے استعفے ساتھ لے کر جائيں گے، ایسی پارلیمنٹ پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں، اس ناجائز حکومت کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ادارے کھوکھلے ہوچکے ہيں، ملک نہیں چل رہا، ہم اس لیے آئےہیں کہ قوم بن کر پاکستان کا مستقبل بچائیں، پارلیمنٹ کی خود مختاری ہوگی، پارلیمنٹ کو کسی کا یرغمال نہيں ہونے ديں گے۔
سربراہ اتحاد کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کشمیر کا سودا کردیا ہے، اورکشمیر بھارت کو بیچ دیا ہے، آج مگرمچھ کے آنسو بہارہا ہے، عمران کشمیر کی تین حصوں میں تقسیم کا فارمولا دیتا رہا، ہم کشمیرکو کچھ نہیں دے سکے، 73 سال کشمیریوں کے خون پرسیاست کی۔
انہوں نے کہا سربراہی اجلاس میں ان نکات پر اتفاق کیا کہ پارلیمنٹ کی حکمرانی ہوگی، پارلیمنٹ کو یرغمال نہیں ہونے دیا جائے گا، آزادانہ الیکشن کیلئے اصلاحات اور عوام کے جمہوری حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، آزادی رائے اور میڈیا کا تحفظ، دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔
مریم نواز نے تقریر کا آغاز کیا اور پنجابی زبان میں کہا کہ ’اللہ قسمے لاہوریو، تسی خوش کردتا اے‘۔ مریم نواز نے تقریر کے دوران شرکاء کو ماسک پہننے کی ہدایت کی اور کہاکہ جلسوں میں آئیں تو ماسک ضرور پہن کر آئیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا ہے کہ اب تابع دار خان این آر او مانگ رہا ہے لیکن نواز شریف قوم کی روٹی چوری کرنے والے کو این آر او نہیں دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 سے زیادہ خطرناک کووڈ 18 ہے جس کا نام ہے تابعدار خان، جب سے کووڈ 18 تابعدار خان نے حکومت بنائی ہے تو پاکستان کی ترقی کورنٹین ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب نواز شریف ووٹ چوری کرکے جعلی حکومت بنانے والے کو این آر او نہیں دے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ تابعدار کہتا ہے اپوزیشن مجھے جانتی نہیں ہے، تمہیں وہ بھی جان گیا ہے جو پہلے نہیں جانتا تھا، دودھ کیلئے بلکنے والا بچہ بھی تمہیں جان گیا ہے جن کے چولہے کی آگ بجھا دی ہے وہ ماں بھی جان گئی ہے، وہ نوجوان بھی جان گیا ہے جو ایک کروڑ نوکری کا سہانہ خواب دیکھ کر آیا تھا۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام اچھی طرح جانتی ہے 2011 میں تمہارا جلسہ کس نے کرایا تھا، 2013 کے انتخابات میں تمہیں عبرتناک شکست ہوئی، شکست کے بعد تمہیں سمجھ آگئی کہ عوام کے ووٹوں سے وزیراعظم بننے والا نہیں، سمجھ آگئی کہ تابعداری کروں گا تو وزیراعظم بنوں گا، تمہیں کسی نے کہا دھاندلی دھاندلی کا شور مچاؤ۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ اسلام آباد پہنچ کر جعلی اور نالائق وزیراعظم کا استعفیٰ چھین کر ر ہیں گے،کٹھ پتلی اور جعلی حکمران گھر جانے والا ہے، جعلی، ناجائز اور نا اہل حکمرانوں کے دامن میں جھوٹ کےسواکچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گالم گلوچ اور دھمکی کےعلاوہ ان کےدامن میں کچھ نہیں ہے، ان کے پاس ناعقل ہے اور نا تاریخ کاعلم ہے، مہنگائی سے مارے لوگ ہمارے دست بازوبن گئے ہیں،جب عوام تحریک کا اس حد تک ساتھ دیتے ہیں تو ظلم کی زنجیریں کٹ جاتی ہیں، یقین دلاتاہوں آپ کی جیت جلد ہونے والی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ووٹ سے نہیں کسی اورکے اشارے سے اقتدار میں آئے ہیں، آج پاکستان میں تاریخی مہنگائی ہے، صنعت پر تالاپڑا ہوا ہے، جعلی حکومت کو نا پنجاب کی فکر ہے نا پاکستان کے عوام کی، روشنیوں کے شہر میں مایوسی کے اندھیرے ہیں، لاہور کے مزدور، محنت کش بے سہارا نہیں ہیں، پی ڈی ایم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ ڈائیلاگ شائیلاگ کا وقت گزر چکا، اب لانگ مارچ ہوگا، ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، رابطہ کرنا بند کرو

جلسے کی سیکیورٹی کے فرائض جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کے سپرد کیے گئے تھے۔ پی ڈی ایم جلسےکیلئے سیکیورٹی کی ذمہ داری جے یو آئی کی تنظیم انصار الاسلام کو دی گئی ہے جس کے 3000 رضاکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں