اداکارہ نمرہ بچہ ہالی وڈ سپر ہیرو سیریز ‘مس مارول’ کا حصہ بن گئیں

مارول اسٹوڈیوز کے بینر تلے بننے والی ہالی وڈ فلم سیریز مس مارول کو اگرچہ ریلیز کیے جانے سے قبل ہی دنیا بھر کی توجہ حاصل ہو گئی ہے تاہم پاکستانی اور دنیا بھر کی مسلم کمیونٹیز کے افراد پاکستانی سپر ہیروز کو اسکرین پر دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔
تاہم اب مارول اسٹوڈیوز کی جانب سے جاری پوسٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ فلم کی کاسٹ میں دیگر اداکاروں کے ہمراہ پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ کا نام بھی شامل ہے۔

مارول اسٹوڈیوز کی جانب سے جاری پوسٹ میں نمرہ بچہ کے کردار سے متعلق تاحال وضاحت نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی سوشل میڈیا پر اس حوالے سے کوئی ذکر سامنے آیا ہے۔
مس مارول کے نام سے بنائی جانے والی مذکورہ فلم میں ہدایت کاری کے فرائض عادل العربی، بلال فلاح، میرا مینن اور شرمین عبید چنائے انجام دے رہے ہیں۔
سپر ہیرو سیریز مس مارول کو 2021 کے آخر میں اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈزنی پلس پر ریلیز کیا جائے گا۔

صدر مارول اسٹوڈیوز کیون فیج کی جانب سے والٹ ڈزنی انویسٹر دے پریزینٹیشن کے دوران اعلان کیا گیا تھا کہ آئندہ آنے والی فلم میں پاکستانی نژاد امریکی لڑکی ایمان ویلانی کمالہ خان کے طور پر مس مارول کا کردار نبھائیں گی۔
خیال رہے کہ مارول اسٹوڈیو کی ٹی وی سیریز ’’مس مارول‘‘ پہلی سپر ہیرو مسلم خاتون ’’کمالہ خان‘‘ کی کہانی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں