وزیر اعظم عمران خان کا آج دورہ لاہور

وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے، وزیر اعظم گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ انہیں گجر پورہ زیادتی کیس کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے، وزیر اعظم راوی ریور فرنٹ منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، گورنر ہاؤس لاہور میں وزیر اعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم سے پنجاب کے اعلیٰ پولیس افسران اور چیف سیکریٹری بھی ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ وزیر اعظم کو صوبے کے انتظامی و سیاسی امور پر بریف بھی کیا جائے گا۔ وہ اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے آج رات ہی واپس اسلام آباد روانہ ہوں گے۔

اس سے قبل وزیر اعظم نے یکم ستمبر کو بھی لاہور کا دورہ کیا تھا جہاں ان کی وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں وزیر اعظم کو پنجاب کے انتظامی اور سیاسی امور پر بریفنگ دی گئی تھی۔ وزیر اعظم سے چیف سیکریٹری و دیگر 4 سیکریٹریز نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جبکہ ایوان وزیر اعلیٰ میں کابینہ اراکین سے بھی ملاقات ہوئی تھی جس میں وزیر اعظم کو پنجاب حکومت کی 2 سالہ کارکردگی پر بریفنگ دی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں