چین میں تیار کی جانے والی کورونا ویکسین کے اب پاکستان میں‌بھی ٹرائل ہوں‌ گے

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک میں کورونا وائرس کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کی منظوری دے دی ہے۔
سربراہ انڈس اسپتال کراچی ڈاکٹرعبدالباری کے مطابق یہ ویکسین چین میں تیار کی گئی ہے اور اس کی آزمائش 2 مراحل میں چین کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی ہوچکی ہے۔

ڈاکٹر عبدالباری کا کہنا ہے کہ ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل کے لیے قومی ادارہ صحت نے منظوری مانگی تھی جس کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے قومی ادارہ صحت کے اشتراک سے 2 منصوبوں کی منظوری دی ہے۔

سربراہ انڈس اسپتال کا کہنا تھا کہ 2 میں سے ایک آزمائش کا منصوبہ انڈس اسپتال اور جامعہ کراچی مل کر کریں گے جب کہ دوسرے منصوبے میں انڈس، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز ( این آئی بی ڈی)، آغا خان اور شوکت خانم اسپتال مشترکہ طور پر ٹرائل کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ویکسین کے ٹرائل کے مکمل ہونے میں 3 سے 6 ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 21 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 7 لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔
چین،امریکا،برطانیہ،روس،آسٹریلیا اور اسرائیل سمیت دنیا کے مختلف ممالک ویکسین کی تیاری کے لیے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں اور مختلف ممالک میں اس کی انسانوں پر آزمائش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں