کراچی میں مسکن چورنگی پر دھماکا، بڑے نقصان کا خدشہ، امدادی کاروائیاں جاری

گلشن اقبال میں واقع مسکن چورنگی کے قریب دھماکےکے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
آج بدھ کی صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب گلشن اقبال کی مسکن چورنگی پر واقع رہائشی عمارت میں دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

دھماکا 4 منزلہ عمارت کے پہلے فلور پر ہوا ، عمارت کے نیچے ایک نجی بینک بھی واقع ہے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں بلڈنگ گرنے سے اس کے نیچے کھڑی گاڑیاں بھی ملبے میں دب گئیں۔
پولیس نے بلڈنگ میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے سے بلڈنگ بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اس کے دو فلور مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں جب کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کےمطابق دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے ہیں۔
زخمی ہونے والوں میں بینک کا عملہ بھی شامل ہے جب کہ بینک کا گارڈ بھی دھماکے میں جاں بحق ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں 4 خواتین اور 2 بچے بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ دھماکا ابتدائی طور پر سلینڈر کا معلوم ہوتا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں اور علاقے کو سیل کردیا گیاہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مسکن چورنگی پر دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو امدادی کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں