اٹلی اور اسپین میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں کئی سو افراد ہلاک جبکہ متعدد اس وائرس کا شکار ہو رہے ہیں

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے یورپ میں بھی پنجے گاڑ لیے ہیں اور تیزی سے مختلف ملکوں میں یہ وائرس لوگوں کی زندگیاں نگل رہا ہے
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی ملک اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 793 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے. اور اب تک کسی بھی ملک میں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی یہ تعداد سب سے بڑی ہے. جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4825 ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق اٹلی میں ہونے والی حالیہ ہلاکتوں میں سے 60 فیصد سے زائد شمالی ریجن کے علاقے لامبارڈے میں ہوئی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6557 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 53578 ہوگئی۔
اٹلی میں 42681 افراد ابھی زیر علاج ہیں جبکہ 6 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
یورپی ملک اسپین میں بھی کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 285 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1378 ہوگئی ہے۔
آج مزید 3803 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 297642 تک جاپہنچی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بھی 12 ہزار 831 ہوگئی ہے۔ اور یہ وائرس اب تک 180 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں