پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کی میڈیا بریفنگ

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا بریفنگ دی جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اِس وقت کورونا وائرس کا شدید چیلنج درپیش ہے اور ہم اس سے نمٹنے کیلئے ہرکوشش اور تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ اس قدرتی آفت کے سامنے تمام ترقی یافتہ ممالک بھی بے بس ہیں. اور ساری دنیا اس وائرس کی لپیٹ میں ہے. ایسی صورت میں تمام افراد کو اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی اندازہ ہونا چاہیے اور حکومت کی طرف سے ملنے والی ہدایات پر سب کو سنجیدگی اختیار کرنی چاہیے
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ آج اکابرین کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، ایک آزاد وطن اور اس دو قومی نظریے کے لیے جس کی سچائی آج سب پر عیاں ہورہی ہے
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز کورونا وائرس پر خصوصی کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا، حکومت پاکستان نے افواج کو آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کے لیے طلب کرلیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا آرمی چیف نے دستیاب دستے، افواجِ پاکستان کے میڈیکل وسائل ضرورت کے مطابق تعینات کرنے کے احکامات دیے ہیں جب کہ ہر قسم کے اجتماعات، سنیما، شاپنگ مالز، شادی ہالز، سوئمنگ پولز اور غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء لانے والی گاڑیوں کو اجازت ہوگی، شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹس بند ہوگی اور تمام ائیرپورٹس پر بھی بین الاقومی پروازیں 4 اپریل تک بند رہیں گی، صوبائی حکومتوں کے بتائے گئے دنوں میں پٹرول پمپس اور منڈی کھلے رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کھانے پینے کی اشیاء اور میڈیکل اسٹورز بھی کھلے رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق حفاظتی اقدامات کے طور پر تمام بارڈرز بند کردیے گئے ہیں لیکن اصل بارڈر انسان اور کورونا وائرس کے درمیان ہے جس پر قابوپانا ہے، نقل و حرکت کو محدود رکھنا ہی مؤثر بچاؤ ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فوج کرونا وائرس کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی منصوبہ بندی میں مددکرےگی۔
کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔ اور لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فوج کو تعینات کرنے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا تھا جس کی منظوری اب وزارت داخلہ نے دے دی ہے۔
ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 884 تک جاپہنچی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں