جانیے کراچی میں کہاں کتنی بارش ہوئی؟

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے، جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشن حدید اور سب سے کم جناح ٹرمینل پر ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گلشن حدید میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی، گلشن حدید میں 105 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ کراچی کے علاقے لانڈھی میں 45.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پی اے ایف فیصل بیس میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جناح ٹرمنل پر 11 اعشاریہ 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں آج صبح سے بارش کا سلسلہ ایک دفعہ پھر شروع ہوچکا ہے، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج موسلا دھار بارش برسانے والا سسٹم دوپہر کے بعد شہر میں داخل ہوگا۔ کراچی کے بعض علاقوں میں 150 ملی میٹر تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے سندھ نے صوبے بھر میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے اربن فلڈنگ کے حوالے سے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہورہی ہے جن میں آئی آئی چند ریگر روڈ، صدر، کھارادار، کورنگی، لانڈھی، گلشن حدید، نیو کراچی، نارتھ کراچی، ملیر، ائیرپورٹ اور دیگر علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں