قائد اعظم محمد علی جناح کا آج 145 واں یوم ولادت منایا جا رہا ہے

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا آج 145 واں یوم ولادت منایا جارہا ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں ایک آزاد وطن دینے والے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 145ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔
25 دسمبر 1876کو کراچی کے وزیر مینشن میں محمد علی جناح نے آنکھ کھولی تو کون جانتا تھا کہ یہ بچہ عظیم رہنما بن کربرصغیر کے مسلمانوں کی کشتی پارلگانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
قائداعظم محمد علی جناح نے ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام میں حاصل کی جب کہ میٹرک کا امتحان جامعہ ممبئی سے پاس کیا۔
بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خاطر لندن روانہ ہوگئے۔ 1895میں 19 سال کی عمر میں انہوں نے لندن کی یونیورسٹی سے لاء کی ڈگری حاصل کرلی اور بمبئی واپس آکرباقاعدہ طور پر وکالت کا آغاز کیا جہاں ان کا شمار نامور وکلا میں کیا جانے لگا۔
1896میں قائداعظم محمد علی جناح نے سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی لیکن کچھ عرصے بعد ہی انہیں احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی نمائندہ جماعت ہے جہاں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک بڑھتا جارہا ہے۔
چنانچہ 1913میں انہوں نے مسلمانوں کی نمائندہ واحد جماعت آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور علیحدہ وطن کی باقاعدہ تحریک کا آغاز کیا۔ آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہونے کے بعد قائداعظم نے اپنے شب و روز مسلمانوں کے سیاسی شعور کی بیداری کےلیے وقف کر دیے۔
بالآخر ان کی جدوجہد رنگ لائی اور 14اگست 1947کوبرصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب پورا ہوا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔
آزادی کے بعد قائداعظم کی طبیعت ناساز رہنے لگی اور کئی بیماریوں سے لڑتے لڑتے بالآخر 11ستمبر 1948کو ملت کا پاسبان اس دنیا فانی سے کوچ کرگیا لیکن رہتی دنیا تک یہ قوم اپنے عظیم قائد کی احسان مند رہے گی. جنہوں نے اپنی محنت اور لگن سے یہ ملک حاصل کیا اور مسلمانوں کو الگ اپنے دینی اقدار کے مطابق رہنے کا بتایا . انہیں غلامی کی زندگی سے آزاد کیا اور آزادانہ طور پر جینے کا سلیقہ سکھایا

اپنا تبصرہ بھیجیں