سابق وزیراعظم نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

لندن میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آ گئی ہے جو کہ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی گئی ہے .امجد پرویز ایڈووکیٹ نے نواز شریف کی رپورٹس رجسٹرار آفس میں جمع کروائیں
تازہ ترین رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں نے کورونا کے باعث نواز شریف کے گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کی ہے کیونکہ ڈاکٹروں کا اندیشہ ہے کہ وبا کے دوران نواز شریف کو گھر سے باہر جانے کی اجازت دی گئی تو یہ وبا ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔

عدالت میں جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹ کے مطابق نواز شریف پلیٹ لیٹس، شوگر، دل، گردے اور ہائی بلڈ پریشر کے امراض میں مبتلا ہیں اس لیے ان کا کورونا کے دوران باہر نکلنا ان کی جان کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے .رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کے دل کو خون کی سپلائی صحیح طریقے سے نہیں ہو رہی۔

رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرز نے نوازشریف کو جسمانی سرگرمیاں جاری رکھنے کے ساتھ طبی ماہرین سے مشورے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
میڈیکل رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کورونا کے دوران نواز شریف کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹرز ان کی صحت سے ہر وقت آگاہ ہیں۔

اس سے قبل بھی نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو 4 دسمبر، 15 دسمبر 2019ء کو بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جا چکا ہے جب کہ سابق وزیراعظم کی 13 جنوری، 12 فروری، 18 مارچ اور 28 اپریل2020 کو بھی میڈیکل رپورٹس ہائیکورٹ میں جمع کروائی جا چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں