کراچی میں دو سگے بھائی نالے میں‌ گرکر جاں بحق ، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں‌کی پیشگوئی کر دی

منظور کالونی میں 2 سگے بھائی بارش کے پانی میں بہہ کر نالے میں جاگرے جن میں سے ایک لاش کو نکال لیا گیا جب کہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔
منظور کالونی ہل ٹاؤن کے رہائشی 2 بھائی جمعرات کے روز بارش کے پانی میں بہہ کر اعظم بستی کے نالے میں گرکر لاپتہ ہوگئے۔

تیمور اور بلال کے ماموں سجاد کا کہنا تھا کہ دونوں بھائی کام سے واپس آرہے تھے کہ نالے کی دیوار نہ ہونے کی وجہ سے وہ اس میں گرگئے، انہوں نے مدد کے لیے مختلف اداروں کو فون کیا لیکن کوئی نہیں آیا۔ پھر گزشتہ روز علاقہ مکینوں کی مدد سے تیمور کی لاش نکال لی گئی تاہم بلال کی تلاش جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں کے والد کا انتقال ہوچکا ہے جب کہ دونوں گھر کے واحد کفیل تھے۔
محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کو بھی کراچی میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کردی۔

اگر موسم کی صورتحال کی بات کی جائے تو محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کو بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے جب کہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین میرپور خاص میں اتوار اور پیر کو بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی رہے گا۔ زیریں سندھ کے علاقے بارشوں کے باعث دوبارہ زیر آب آسکتے ہیں جس کے سبب تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اتوار اور پیر کو تیز بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ آج کراچی میں زیادہ بارش کا امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کو بارش کی شدت جمعرات کی بارش سے کم ہونے کی توقع ہے۔ مون سون کے اگلے اسپیل میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے تاہم بارشوں کی شدت گزشتہ اسپیل جیسی نہیں ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل دوپہر سے کراچی میں بارش کا آغاز ہوسکتا ہے اور پیر کو بارش کی شدت زیادہ ہونے کا امکان ہے

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کراچی میں مون سون بارشوں کے 10 سالہ ریکارڈ کے مطابق حالیہ سال معمول سے 218 فیصد زائد بارشیں ہوئی ہیں اور ابھی مزید بارشوں کا بھی امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں