وبا سے نمٹنے کیلئے ابن خلدون کی تصنیفات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، ماہرین

مشہور مؤرخ ، محقق اور فلسفی ابن خلدون کی تحریروں اور اقوال پر مشتمل موضوعاتی کیلنڈر کی افتتاحی تقریب کراچی میں ہوئی۔
موضوعاتی کیلنڈرکا اجراء جہان مسیحا ادبی فورم نے کیا جو اب تک 22 موضوعاتی کلینڈر جاری کر چکا ہے جن کے موضوعات میں حیات حضور اکرم ﷺ، مرزا غالب، مولانا روم اور علامہ اقبال سمیت دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔
تقریب سے معروف ماہر امراض قلب پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق، معروف گائناکالوجسٹ پروفیسر شبین ناز مسعود، ماہر امراض اطفال پروفیسر جمیل اختر سمیت منصور خان اور دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب میں ماہرین کا کہنا تھا کہ وبا سے نمٹنے کیلئے ابن خلدون کی تصنیفات اور تحریروں سے سیکھنے کی ضرورت ہے جو یہ سمجھتے تھے کہ عالمی سطح کی وبا تہذیبوں کو تبدیل کردیتی ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ ابن خلدون کا کہنا تھا کہ وبا سے بچنے کیلئے حکمرانوں کو صاف پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور پبلک ہیلتھ پر توجہ دینی چاہیے، ابن خلدون دنیا کے چند بہترین ماہرینِ عمرانیات میں سے ایک تھے جنہوں نے آنے والی نسلوں کو گڈ گورننس اور بہترین حکمرانی کے اصول سکھائے۔
قائد اعظم اکیڈمی کے ڈائریکٹر اور معروف محقق و شاعر خواجہ رضی حیدر کا کہنا تھا کہ ابن خلدون 14 ویں صدی میں آنے والی طاعون کی وبا میں اپنے والدین سے محروم ہوگئے تھے اور اس وبا کے نتیجے میں کروڑوں لوگ جاں بحق ہوئے۔
ان کا کہنا تھاکہ ابن خلدون نے ان عوامل پر تحقیق کی جس کے نتیجے میں اتنے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور اپنی کتابوں میں تجاویز پیش کی کہ حکومتوں کو عوامی صحت، صاف پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے نظام پر توجہ مرکوز کرنے اور وسائل خرچ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وبا سے بچا جاسکے اور انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں